تازہ ترین

سندھ کے پانچ اضلاع میں جلد صحت کارڈ فراہم کیے جائیں گے، عمران اسماعیل

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ کے پانچ اضلاع میں جلد صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں عالمی یومِ امراض قلب کے حوالے سے شروع ہونے والی آگاہی مہم کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دل کی بڑھتی بیماریوں میں کمی کے لیے خوراک اور طرزِ زندگی میں تبدیلی لانا ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی سے کچرے کی صفائی ایک دن کا نہیں روز کا کام ہے، اس طرح کی مہم جاری رہنا اچھی بات ہے، مگر کچرا اٹھانے کا کام مستقل اور روزانہ کی بنیاد پر ہونا چاہیے، انہوں نے کراچی کے لیے آرٹیکل 149لاگو کرنے کی تجویز کوئی پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں سندھ کے پانچ اضلاع میں صحت کارڈ فراہم کرنے کا آغاز جلد کیا جائے گا، صحت کارڈ دینے کا آغاز تھر سے ہوگا۔

[bs-quote quote=”صفائی مہم اچھی بات ہے مگر کراچی سے کچرا اٹھانے کا کام روزانہ اور مستقل بنیاد پر ہونا چاہیے” style=”style-9″ align=”left” author_name=”گورنر سندھ”][/bs-quote]

ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان تین فلائی اوورز گرین لائن کے متوازی دوسرے منصوبے، لیاری اور ماڑی پور کے 2ترقیاتی منصوبوں سمیت 5منصوبوں کا افتتاح کرنے جلد کراچی آئیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جامعات ہی نہیں ملک بھر میں مجموعی طور پر گرانٹس میں مالی کٹوتی کی گئی ہے۔

قبل ازیں آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ دل کا کام صرف جسم کو خون کی فراہمی نہیں بلکہ یہ رہنمائی بھی کرتا ہے، قلب کے فیصلے سچائی پر مبنی ہوتے ہیں، اس لیے اپنے بھائیوں کی مشکلات پر نہ صرف دل دکھتا بلکہ روتا بھی ہے۔

انہو ں کہا کہ دل کی سچائی ہی انسان کو بہادر بناتی ہے، یہی وجہ ہے کہ عمران خان امریکا میں بیٹھ کر بہادری کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر محمد سعید قریشی اور دیگر ماہرین نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور بتایا کہ دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے ہمیں اپنا نظام زندگی تبدیل کرنا ہوگا۔

پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ پاکستان میں دل کی بڑھتی بیماریوں کی بنیادی وجہ ہماری خوراک کی عادات اور ورزش سے عاری طرزِ زندگی ہے، خوراک سے غیر صحت مند اجزا نکال کر متوازن غذا لی جائے اور باقاعدگی سے مناسب ورزش کی جائے تو پاکستان میں دل کے امراض سے اموات میں بھی کمی آئے گی۔

ڈاؤ یونیورسٹی کارڈیولوجی کے سربراہ نوازلاشاری کا کہنا تھا کہ خوراک میں ایسی چیزیں نکال دی جائیں جو دل کے لیے نقصان دہ ہیں، دن میں 35منٹ چہل قدمی، سگریٹ نوشی، پان، گٹکے سے اجتناب ضروری ہے، اس کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی بہتر بنایا جائے اسی لیے ہم نے آج درخت لگانے کی مہم بھی شروع کی ہے۔

Comments

- Advertisement -