جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے بنائے گئے ٹویٹر اکاؤنٹ کے نام پر جعلی اکاؤنٹ بن گیا
اسلام آباد: جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے بنائے گئے ٹویٹر اکاؤنٹ کے نام پر جعلی اکاؤنٹ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے ٹویٹر پر اکاؤنٹ بنایا گیا تھا اب اس اکاؤنٹ کے نام پر ایک اور جعلی اکاؤنٹ بن گیا ہے، ایک دن میں 500 سے زائد افراد نے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کو فالو کرلیا۔
صورت حال کے پیش نظر وزارت اطلاعات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کسی نے جعلی اکاؤنٹ بنانے کی کوشش کی تو ایف آئی اے حرکت میں آئے گا اور مذکورہ افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Ministry of Information and Broadcasting has created a Twitter account to tackle and expose Fake News, that are being spread on Social Media; citizens are requested to Follow the account !@FakeNews_Buster pic.twitter.com/9Me5aGlKFC
— PTI (@PTIofficial) October 1, 2018
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی ہدایت پر سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی و منفی خبروں کو روکنے کے لیے ’فیک نیوز بسٹر‘ نامی ٹویٹر ہینڈل بنایا گیا تھا۔
وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس ٹویٹر اکاؤنٹ کو سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈوں کا بروقت آفیشل جواب دینے کے لیے بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ایک اور ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا تھا کہ اس اکاؤنٹ کو جھوٹی اور منفی خبریں پھیلانے والوں کو جواب دینے کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ ایسا کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوسکے۔