پیر, جون 15, 2026
اشتہار

گزشتہ 8 سال سے رکے ہوئے ٹریولنگ الاؤنس! ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : کلاس فور ملازمین کے گزشتہ آٹھ سال سے رکے ہوئے ٹریولنگ الاؤنس کی ادائیگی کے لیے 7 کروڑ روپے کی خطیر رقم فوری طور پر جاری کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی مالی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان ریلویز نے ملازمین اور کنٹریکٹرز کے طویل عرصے سے زیرِ التواء کروڑوں روپے کے واجبات کی باقاعدہ ادائیگیوں کا آغاز کر دیا ہے، جس سے ادارے پر ملازمین اور اسٹیک ہولڈرز کا اعتماد بحال ہونا شروع ہو گیا ہے۔

ترجمان پاکستان ریلویز کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا کہ کلاس فور ملازمین کے گزشتہ آٹھ سال سے رکے ہوئے ٹریولنگ الاؤنس کی ادائیگی کے لیے 7 کروڑ روپے کی خطیر رقم فوری طور پر جاری کر دی گئی ہے۔

طویل عرصے بعد واجبات ملنے پر ریلوے کے محنت کش ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف اسٹیشنز و دفاتر میں ملازمین نے وفاقی وزیرِ ریلوے کے حق میں تعریفی نعرے بھی لگائے۔

مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان ریلویز نے کاروباری شراکت داروں اور ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں کے لیے اقدامات اٹھائے تاکہ ریلوے کے ترقیاتی و آپریشنل کاموں میں مصروف کنٹریکٹرز کے بقایاجات کی مد میں 29 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار متاثر نہ ہو۔

ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں کی بروقت اور بلا تاخیر ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے تمام چیکس پیشگی طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھجوا دیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے ان اقدامات کو ریلویز کی نئی انتظامی حکمتِ عملی کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا "واجبات کی بروقت ادائیگیاں اور سخت مالی نظم و ضبط پاکستان ریلویز کی بہتر اور شفاف انتظامی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ہماری حکومت جامع مالی اصلاحات کے ذریعے ریلوے کو خسارے سے نکال کر ایک خود مختار اور مستحکم ادارہ بنانے کے مشن پر کاربند ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ان حالیہ اقدامات سے نہ صرف ملازمین کا حوصلہ بلند ہوگا بلکہ ریلوے کے پورے آپریشنل اور لاجسٹک نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، جس کا براہِ راست فائدہ پاکستانی عوام کو بہتر سفری سہولیات کی شکل میں ملے گا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں