اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام آئندہ ماہ انگلینڈ میں شروع ہونے والے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی اور یہ میچ ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔ کرکٹ کی دنیا کے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 16 جون کو مانچسٹر میں ہو گا۔
پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گی، گرین شرٹس دوسرا میچ 3 جون کو میزبان انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گی، تیسرا میچ 7 جون کو سری لنکا کے خلاف برسٹول میں کھیلے گی۔
پاکستان ٹیم اپنا چوتھا میچ عالمی چمپئن آسٹریلیا کے خلاف ٹاؤنٹن میں کھیلے گی، پاکستان ٹیم پانچواں میچ 16 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گی، چھٹا میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گی، ساتواں میچ 26 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلے گی۔
آٹھواں میچ 29 جون کو افغانستان کے خلاف لیڈز کے مقام پر کھیلے گی جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف 5 جولائی کو لارڈز کے مقام پر کھیلے گی۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائےگا جس میں آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
پی سی بی نے دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے کھلاڑیوں کے لئے سخت ضابطہ اخلاق تیار کیا ہے، دورہ انگلینڈ اورورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کے پرائیوٹ فنکشنزپرجانے پرپابندی ہوگی، کھلاڑیوں کے غیرمتعلقہ افراد سے ملنے پرمکمل پابندی عائد کی جائے گی، کھلاڑی عزیز واقارب سے ملاقات کے لئے بھی انتظامیہ کی اجازت کے پابند ہوں گے۔
کھلاڑی اپنے ایجنٹس کی فہرست بھی فراہم کرنے کے پابندہوں گے۔ میڈیا منیجر کی غیرموجودگی میں کھلاڑیوں کے انٹرویوز دینے پرپابندی ہوگی، کھلاڑی غیر متعلقہ شخص کے رابطے پر ٹیم منیجر کو آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے حوالے سے کپتان سرفرازاحمد کا کہنا ہے پوری تیاری کے ساتھ ورلڈکپ کے لئے جارہے ہیں، جو کام عمران خان نے ورلڈکپ جیت کر پاکستان کے لئے کیا وہ میں بھی کرنا چاہتا ہوں جبکہ مکی آرتھر نے کہا دوسال سے ورلڈکپ کی تیاری کررہے ہیں پہلی کوشش ہوگی کہ ٹاپ فور میں کوالیفائی کریں۔