نوک (07 فروری 2026): امریکا کو عملی جواب دیتے ہوئے کینیڈا اور فرانس نے گرین لینڈ میں قونصل خانے کھول لیے۔
فرانس اور کینیڈا نے جمعہ کے روز گرین لینڈ کے دارالحکومت نوک میں اپنے قونصل خانے قائم کیے، کینیڈا کی وزیر خارجہ نے دارالحکومت نوک میں سفارتخانے کا افتتاح کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ یہ اقدام آرکٹک خطے کے لیے سیاسی اور سفارتی حمایت کا واضح پیغام ہے۔
انھوں نے کہا کہ گرین لینڈ میں قونصل خانے کھولنے کا مقصد باہمی تعلقات، تجارتی روابط اور سیکیورٹی تعاون مضبوط بنانا ہے۔
دونوں ممالک کی جانب سے یہ اقدام نیٹو میں اپنے اتحادی ملک ڈنمارک کے ساتھ اظہار یکجہتی کا عکاس ہے، بالخصوص ایسے وقت جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس ملک کو حاصل کرنے کی پھر سے کوششیں کرنے لگے ہیں۔
ایران پہلے کے مقابلے میں اب معاہدے کے لیے زیادہ تیار ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
گرین لینڈ میں فرانس کے قونصل جنرل مقرر ہونے والے ژاں نویل پوآریے نے کہا کہ نوک میں ان کی تقرری کا مقصد امریکی انتظامیہ کو کوئی ’’اشارہ‘‘ دینا نہیں، بلکہ گرین لینڈ اور ڈنمارک کے ساتھ دوستی کا پیغام دینا ہے۔
پوآریے نے نوک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’یہ یکجہتی کا معاملہ بھی ہے۔ بالکل اسی طرح جیسے جب آپ کو دوستوں کی ضرورت ہوتی ہے تو آپ پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں کہ کون آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ اور ہم بطور فرانسیسی یہاں موجود ہیں، یہ کسی کے خلاف نہیں، بلکہ ساتھ دینے کے لیے ہے۔‘‘
ڈنمارک میں فرانس کے سفیر کرسٹوف پیریسو نے کہا کہ یہ قونصل خانہ محض ایک علامت نہیں بلکہ ’’ایک بالکل عملی قدم‘‘ ہے، جس کا مقصد تین یورپی ممالک کے درمیان تعاون اور اتحاد کو ظاہر کرنا ہے۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند اور کینیڈا کی گورنر جنرل میری سائمن جمعے کے روز نوک پہنچیں، جہاں انھوں نے پرچم کشائی کی تقریب کے ذریعے اپنے ملک کے قونصل خانے کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


