اسلام آباد : نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.08 فیصد اضافہ ہوا، 22اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 22 میں استحکام اور18 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
سیکرٹری خزانہ کے مطابق ٹماٹر0.11فیصد، مرچ پاؤڈر0.26 اور انڈے 0.05 سستے ہوئے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات، چکن اور آلو کی قیمتیں بڑھیں،انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے۔
نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر بھی موجود ہیں، اجلاس میں ملک میں چینی کے ذخائر اور قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مانیٹرنگ اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دال مونگ کے سوا دیگر دالوں کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان رہا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے دالوں کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قیمتوں پر کنٹرول کے لیے ہر ممکن ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔