(13 جون 2026): 25 سے زائد خواتین کو دھوکا دینے والا شاطر دولہا پکڑا گیا جس کے طریقہ واردات نے سب کو حیران کر دیا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے بہانے 25 سے زائد خواتین کو کروڑوں روپے کا چونا لگانے والے نوسرباز دولہا کو کرائم برانچ نے گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم خود کو کنوارا ظاہر کرتا تھا اور شادی کیلیے بنائے گئے پورٹلز اور اخباری اشتہارات کے ذریعے طلاق یافتہ، معذور اور مجبور خواتین کو نشانہ بناتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دولہا اور باراتی ہتھیاروں سے لیس، بارات پہنچتے ہی علاقہ میدان جنگ بن گیا
ملزم پر الزام ہے کہ وہ خواتین کا اعتماد جیتنے کیلیے متعدد فرضی ناموں اور جعلی شناختی کارڈز کا استعمال کرتا تھا اور پھر ان سے خطیر رقم ہتھیا لیتا تھا۔
کارروائی کے دوران کرائم ڈیٹیکشن برانچ نے بدنام زمانہ شاطر دولہا کا سراغ لگا کر اسے بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے گریٹر نوئیڈا سے گرفتار کیا۔
پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ وہ جان بوجھ کر ایسی خواتین کو نشانہ بناتا تھا جو جذباتی طور پر کمزور ہوتی تھیں۔ شادی کے جھوٹے وعدوں سے ان کا بھروسہ جیتنے کے بعد وہ رفتہ رفتہ ان سے پیسے نکلوانا شروع کر دیتا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اب تک ملک بھر میں 25 سے زائد خواتین سے دھوکا دہی کر چکا ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک بی ایم ڈبلیو کار بھی ضبط کی ہے جو مبینہ طور پر متاثرہ خواتین سے لوٹی گئی رقم سے خریدی گئی تھی۔


