(23 جنوری 2026): شادی کے چند گھنٹے بعد دلہن بھاری رقم لے کر فرار ہوگئی جبکہ دولہا بے یار و مددگار دیکھتا رہ گیا۔
بھارتی ریاست مدھیہ پریش کے شہر گوالیار میں ذہنی معذور لڑکے اُس وقت بے یار و مددگار رہ گیا جب اس کی نئی نویلی دلہن شادی کے محض چند گھنٹے بعد اپنے ساتھیوں کے ساتھ فرار ہوگئی۔
دلہن اپنے ساتھ 2 لاکھ روپے کی رقم بھی لے اڑی۔ متاثرہ دولہا کے والد کی شکایت پر پولیس نے ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی اور فراڈ کا مقدمہ درج کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: پانچ شادیاں کرنے والی لٹیری دلہن کو سزا ہوگئی
پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان گوالیار کے شیو پوری روڈ کا رہائشی ہے، دولہے کے والد مہندر پراشر نے پولیس کو بتایا کہ ان کا بیٹا اشمیت پراشر ذہنی معذور ہے، بیٹے کا گھر بسانے کی فکر میں انہوں نے ضلع مورینا کے رہائشی بنٹی دھاکڑ نامی شخص کے ذریعے شادی کروانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
دولہا کے والد مہندر پراشر کے مطابق بنٹی دھاکڑ نے پونم گوڑ نامی دلہن کا رشتہ ان کے بیٹے کیلیے پیش کیا، شادی قانونی دستاویز کے ذریعے طے پائی، رشتے کے عوض بنٹی دھاکڑ نے 2 لاکھ روپے وصول کیے۔
شکایت کے مطابق شادی کے چند گھنٹے بعد ہی صورتحال ڈرامائی رخ اختیار کر گئی، بنٹی دھاکڑ اور اس کے ساتھیوں نے راستے میں مہندر پراشر کی گاڑی کو روکا، اسی دوران دلہن پونم گوڑ دولہے کو چھوڑ کر ان کے ساتھ ایک اسکوٹر پر سوار ہو کر فرار ہوگئی، ملزمان دولہے اور اس کے گھر والوں کو بیچ سڑک پر بے بس چھوڑ گئے۔
پولیس نے پونم گوڑ، بنٹی دھاکڑ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف دھوکہ دہی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مہندر پراشر کی ملزمان سے ملاقات شادی سے محض ایک دن پہلے ہوئی تھی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


