لاہور (15 جنوری 2026): گجرات ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سمیت دیگر پر دوبارہ فرد جرم عائد کر دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف گجرات ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر ملزمان پر دوبارہ فرد جرم عائد کر دی۔
احتساب عدالت کے جج رانا محمد عارف نے ریفرنس پر سماعت کی۔ سابق پرنسپل سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے پرویز الٰہی سمیت 9 ملزمان پر دوبارہ فرد جرم عائد کی جب کہ دو شریک ملزمان کا سپلیمنٹری چالان جمع کرائے جانے پر فرد جرم عائد کی گئی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہان کو شہادت کے لیے طلب کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی۔
گجرات کرپشن کیس میں پرویز الٰہی کے علاوہ دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں


