گجرات(12 فروری 2026): ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے عمرہ کے نام پر کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے مرکزی ملزمان گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے گجرات میں کارروائی کرتے ہوئے ایک بدنام زمانہ ٹریولنگ ایجنسی کے مالکان جاوید بٹ اور شاہد بٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند متعدد شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورے اور انہیں جعلی رسیدیں اور جعلی ٹکٹس فراہم کیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں سے خطیر رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے نے متاثرین کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے ڈجکوٹ کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ٹریول ایجنسی چلانے اور شہریوں سے ویزہ فراڈ کرنے والے گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت فیصل، قاسم اور فیصل سلیم کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ان کا ایک ساتھی انعام الحق موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 15 پاسپورٹ، 5 جعلی مہریں، 4 موبائل فونز، کمپیوٹر سسٹم اور لیپ ٹاپ برآمد کر لیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ گروہ سادہ لوح شہریوں کو عمرہ ویزہ کے نام پر دھوکہ دے کر ان سے خطیر رقم بٹورتا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


