لاہور : لنک روڈ خاتون زیادتی کیس کو 15 روز گزر گئے لیکن کوئی پیش رفت نہ ہو سکی ، پنجاب پولیس اب تک مرکزی ملزم عابد علی کو پکڑنے میں ناکام ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لنک روڈ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم پولیس کے لئے چھلاوا بن گیا، 15 روز گزر گئے، ملزم عابد علی کو گرفتار نہ کیا جا سکا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عابد کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں ہمہ وقت متحرک ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریپڈ رسپانس فورس تشکیل دے دی ہے، ہر ضلع میں ایک گاڑی، ایک اے ایس آئی انچارچ اور چار اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی دیں گے۔
ٹیمیں ملزم کے حوالے سے کوئی بھی معلومات ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو رپورٹ کریں گی ، ٹیم انچارج کے موبائل نمبرز ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں : لنک روڈزیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے ریپڈ رسپانس فورس تشکیل
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے کچے کے علاقوں میں بھی مخبری کا نیٹ ورک تیز کر دیا ہے، کیس کا مرکزی ملزم شفقت پولیس کے پاس چودہ روزہ ریمانڈ پر ہے۔
دوسری جانب پولیس نے مرکزی ملزم عابد علی کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لئے پمفلٹ تیار کر کے اس کی تلاش کر رہے ہیں، صوبائی سطح پر مختلف صوبوں میں پولیس نے عابد علی کی تصاویر اور پمفلٹس اور حلیہ جات فراہم کردئیے ہیں جبکہ پولیس قبائلی علاقوں میں بھی ملزم کی گرفتاری کےلیے رابطے میں ہے