لاہور(14 مارچ 2026): پاکستانی طالبہ حرم ریحان نے بھارتی ریکارڈ توڑ کر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرا لیا۔
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ننھی ایتھلیٹ حرم ریحان نے ایک منٹ میں ایک ٹانگ کے ساتھ 143 بار ‘نی اسٹرائیک’ کر کے بھارتی کھلاڑی کا 6 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا اور تاریخ رقم کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حرم ریحان کی اس شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی ہے اور ان کے کوچنگ اسٹاف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حرم ریحان نے بھارتی مرد کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ کر عالمی سطح پر پاکستانی پرچم بلند کیا ہے، جو تمام بیٹیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی بیٹی نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر وہ ہمت کرے تو پوری دنیا کو حیران کر سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کی بیٹی اب تنہا نہیں، میں ہر بیٹی کے ساتھ ہوں اور رہوں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب ریاست ماں کی طرح ساتھ ہو تو نوجوان کسی بھی چوٹی کو سر کر سکتے ہیں، حکومتِ پنجاب کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ نوجوانوں کے خواب پورے کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


