گوجرانوالہ: بچوں کی لڑائی پرچچا کی فائرنگ سے بھتیجا ہلاک جب کہ بھائی سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کھیالی کے علاقے میں بچوں کی لڑائی پرفائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جب کہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کھیالی کے رہائشی رفیق اور توحید کے بچوں میں معمولی جھگڑا ہو گیا جس پر رفیق نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں توحید، فیضان اور نعمان شدید زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں نعمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر درج کر کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور ملزم رفیق کی گرفتاری کے لیے اس گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس نے دعوی کیا کہ ملزم کہیں بھی روپوش ہوجائے قانون سے نہیں بچ پائے گا اور جلد ملزم رفیق کو پکڑ کر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔