کراچی : ڈی جی ریسکیو 1122 واجد صبغت اللہ کا کہنا ہے کہ گل پلازہ کی عمارت نہایت ہی نان پروفیشنل طریقے سے تعمیر کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گل پلازہ شاپنگ مال میں پیش آنے والی ہولناک آگ کے بعد ڈی جی ریسکیو 1122 واجد صبغت اللہ نے انتہائی سخت مؤقف اختیار کیا۔
واجدصبغت اللہ کا کہنا تھا کہ عمارت نان پروفیشنل طریقے سے تعمیر کی گئی تھی اور دکانیں بھی غیر معیاری انداز میں بنائی گئی تھیں۔
ڈی جی ریسکیو 1122 نے کہا کہ جہاں عمارت میں 200 یا 250 دکانیں ہونی چاہئیں تھیں، وہاں 1200 دکانیں بنائی گئی تھیں، جس کی وجہ سے داخلی اور خارجی راستے محدود ہو گئے اور لوگ آگ سے بچنے کے لیے کھڑکیوں سے نکل نہیں سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمارت میں فائر ایگزٹ موجود نہیں تھے، جس کی وجہ سے دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔
ڈی جی ریسکیو نے زور دیا کہ کسی بھی عمارت میں سب سے اہم چیز فائر ایگزٹ ہوتا ہے، اور اس کی غیر موجودگی کی وجہ سے سانحہ اتنا مہلک ہوا۔
گل پلازہ آتشزدگی میں تاجروں کے اربوں روپے مالیت کا نقصان ہوا جبکہ قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں، اور امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


