پیر, فروری 9, 2026
اشتہار

4 روز سے بیٹے کی تلاش! گل پلازہ کے باہر بیٹھے بوڑھے باپ کی دل دہلا دینے والی کہانی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : چار روز سے گل پلازہ کے باہر بیٹھے بوڑھے باپ کی دل دہلا دینے والی کہانی سامنے آگئی ، غمزدہ باپ کا کہنا ہے کہ گھر والوں سے بہانے بنارہا ہوں عارف مل جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مشہور تجارتی مرکز "گل پلازہ” میں پیش آنے والے المناک واقعے کے چار روز گزر جانے کے باوجود ملبے تلے زندگی کی تلاش جاری ہے. جہاں ریسکیو ورکرز عمارت کا ایک ایک کونہ چھان رہے ہیں، وہی عمارت کے باہر اپنے پیاروں کے منتظر سینکڑوں افراد کی آنکھیں پرنم ہیں۔

متاثرہ عمارت کے باہر بیٹھے بوڑھے محمد رفیق کی کہانی دل دہلا دینے والی ہے، وہ گزشتہ چار روز سے اپنے 22 سالہ بیٹے عارف کی تلاش میں یہاں موجود ہیں۔

غمزدہ باپ کا کہنا ہے کہ "نہ بیٹا مل رہا ہے اور نہ ہی کوئی درست معلومات فراہم کر رہا ہے، میں چار دن سے گھر نہیں گیا، گھر والوں کو تسلیاں دے رہا ہوں اور جھوٹے بہانے بنا رہا ہوں کہ عارف مل جائے گا، لیکن اب ہمت جواب دے رہی ہے۔”

عینی شاہدین اور وہاں موجود افراد کے مطابق شاپنگ کے لیے آنے والی کئی خواتین اور معصوم بچے بھی تاحال لاپتہ ہیں، صرف خریدار ہی نہیں، بلکہ درجنوں دکانداروں کا بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا، جس کی وجہ سے تاجر برادری اور شہریوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

سرکاری طور پر اب تک 83 افراد کی گمشدگی رپورٹ کی جا چکی ہے جبکہ اب تک ملبے سے 27 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری اور جدید آلات کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لاپتہ افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب تک آخری لاپتہ شخص کا سراغ نہیں مل جاتا، ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔

دوسری جانب متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور انہیں درست معلومات فراہم کی جائے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں