ہفتہ, فروری 7, 2026
اشتہار

گل پلازہ آتشزدگی، اب تک ساڑھے 5 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا چکا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (18 جنوری 2026): شہر قائد میں واٹر ہائیڈرنٹس کے فوکل پرسن نے بتایا ہے کہ گل پلازہ میں لگی شدید آگ کو قابو کرنے کے لیے اب تک ساڑھے 5 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا چکا ہے۔

کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع تجارتی مرکز گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کا عمل 18 گھنٹوں کے بعد اب بھی جاری ہے، جس کے لیے فوکل پرسن ہائیڈرنٹس کے مطابق رات سے اب تک 2 اور 3 ہزار گیلن والے 100 سے زائد ٹینکر فراہم کیے جا چکے ہیں۔

فوکل پرسن نے بتایا کہ نیپا، صفورا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس سے گل پلازہ کی آگ کے لیے پانی کی فراہمی بدستو جاری ہے۔ آگ بجھانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی سے بھی مدد لی۔

ادھر چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے کہا ہے کہ آگ کے شعلے اب نہیں ہیں لیکن شدت اب بھی ہے، کوشش ہے ریسکیو کے بعد ریلیف آپریشن شروع کریں، انھوں نے بتایا کہ 12 فائر ٹینڈر اس وقت موقع پر موجود ہیں، اور دوسری اور تیسری منزل پر لگی آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔

آگ بجھانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی سے مدد مانگ لی

ہمایوں خان کے مطابق آگ بجھانے کے لیے فوم کا بھی استعمال کیا گیا، کافی حد تک آگ کنٹرول کر لی گئی تھی لیکن پھر عمارت کا ایک حصہ گرنے سے مزید آگ بھڑک اٹھی، تاہم 60 سے 70 فی صد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گل پلازہ کی عمارت میں گزشتہ 18 گھنٹوں سے آگ لگی ہوئی ہے، ایک فائر فائٹر سمیت جس میں 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، 22 زخمی ہیں اور 11 کی حالت تشویش ناک ہے۔

اٹھارہ گھنٹے سے دہکتے شعلوں نے گل پلازہ کی دیواروں کو کھوکھلا کر دیا ہے اور عمارت مختلف مقامات سے زمین بوس ہونے لگی ہے، پلازہ میں اس وقت بھی کئی افراد پھنسے ہوئے ہیں اور ریسکیو عملہ تاحال اندر داخل نہیں ہو سکا ہے۔

گراؤنڈ فلور میں لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پہنچ گئی، عمارت کے عقبی حصہ گرنے کے بعد سامنے کا بھی ایک حصہ گر چکا ہے، دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، اور عمارت مخدوش قرار دے دی گئی ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں