کراچی (25 جنوری 2026): تیسرے درجے کی ہول ناک آتشزدگی سے جل کر تباہ ہونے والے گل پلازہ میں 9 روز بعد بھی سرچ آپریشن مکمل نہیں ہو سکا، جب کہ ڈی این اے سے ایک اور میت کی شناخت کر لی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل اور فرانزک ماہرین کی ٹیم کے آنے کے بعد آج ملبہ اٹھانے کا کام روک دیا گیا، امدادی رضاکار اور ہیوی مشینری موجود ہے لیکن کام بند ہے، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو عمارت کے قریب جانے نہیں دیا جا رہا۔
حکام کے مطابق جہاں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل ہو چکا وہاں مارکنگ کر دی گئی ہے، متاثرہ عمارت کے دروازوں کے مقام کی نشان دہی کے لیے اسٹیکر آویزاں کر دیے گئے ہیں، اور مارکنگ والے مقامات پر غیر متعلقہ افراد کا جانا منع ہے، پولیس، انتظامیہ اور تحقیقاتی ٹیم کے ارکان ہی مارکنگ کے مقام پر جا سکتے ہیں۔
لاہور کے نجی ہوٹل میں آتشزدگی: مالک سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج
ادھر سانحہ گل پلازہ میں ڈی این اے کے ذریعے ایک اور میت کی شناخت کر لی گئی ہے، جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہو گئی ہے، انچارج شناخت پراجیکٹ عامر حسن کے مطابق لاش کی شناخت عبدالحسیب کے نام سے ہوئی ہے۔
شناخت پراجیکٹ کے مطابق ڈی این اے کے ذریعے شناخت ہونے والی میتوں کی تعداد 16 ہو گئی، آپریشن ٹیم کو ملبے تلے دبے مزید 2 افراد کی باقیات ملی تھیں، گل پلازہ سانحے میں مجموعی طور پر 21 ناقابل شناخت لاشیں ملی تھیں۔
دریں اثنا، سانحہ گل پلازہ میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی جاں بحق ہوئے، جن میں سے 4 افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ہو گئی لیکن 2 کی تاحال نہ ہو سکی، چاروں میتوں کو نماز جنازہ کے لیے دہلی کالونی عیدگاہ گراؤنڈ پہنچایا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


