منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

آتشزدگی کے باعث گل پلازہ کا عقبی حصہ زمین بوس، فائر فائٹر دب کر جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (18 جنوری 2026): شہر قائد میں ایم اے جناح روڈ پر واقع تجارتی مرکز گل پلازہ میں گزشتہ شب رات 10 بجے لگنے والی خوف ناک آگ بجھائی نہ جا سکی، آتش زدگی کے باعث گل پلازہ کا عقبی حصہ زمین بوس ہونے سے ایک ریسیکو اہلکار جاں بحق ہو گیا ہے۔

گل پلازہ میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، عقبی حصہ گرنے کے باعث ملبے تلے دبنے سے ریسکیو اہلکار جاں بحق ہو گیا ہے، چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت کا ایک حصہ گرنے کے باعث ایک فائر فائٹر ملبے تلے دب گیا تھا۔ جاں بحق ہونے والا ریسکیو اہلکار فرقان ناظم آباد فائر اسٹیشن کا ملازم تھا۔

انھوں نے بتایا کہ آتشزدگی سے عمارت کافی زیادہ مخدوش ہو چکی ہے، اور عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں، ساڑھے 10 بجے پلازہ میں آتش زدگی کی اطلاع ملی تھی، ہماری گاڑیاں 5 سے 10 منٹ میں روانہ ہو چکی تھیں، چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ فوری طور پر اتنی بڑی آگ لگنے کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔


ریسکیو ٹیموں نے ملبے کو ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری طلب کر لی ہے، ملبے کو ہٹا کر ریسکیو کا عملہ اندر جانے کی کوشش کرے گا، ریسکیو کے مطابق ایک ٹیم ملبے تلے سرچنگ اور دوسری ٹیم آگ پر قابو پانے کی کوشش کرے گی، گرنے والے ملبے کی جگہ کو ریسکیو آپریشن کے لیے بہتر راستہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اندر سے مسلسل دیواریں گرنے کی آوازیں محسوس کی جا رہی ہیں، 4 مقامات پر ریسکیو عملہ ٹیموں کی شکل میں آگ بجھانے میں مصروف ہے۔


واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا ہے، آتشزدگی میں جھلس کر 2 اور دم گھٹنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، 20 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، 5 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ 5 افراد کی لاشیں دوسری منزل پر دکان سے نکالی گئی تھیں، اموات کی مجموعی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

اب تک ریسکیو کے رضا کارعمارت کے اندر داخل نہیں ہو سکے ہیں، پلازہ کی دوسری اور تیسری منزل پر متعدد افراد کی موجودگی کی اطلاعات ہیں، پلازہ میں پھنسے افراد کو تلاش کرنے کے لیے فائر بریگیڈ اسنارکل کی مدد لی جا رہی ہے۔

آگ بجھانے کے لیے شہر بھر سے فائر ٹینڈر جائے وقوعہ پر موجود ہیں، ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، تیسرے درجے کی آگ کے باعث گل پلازہ کے منہدم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، پلازہ میں وقفہ وقفہ سے سلنڈر اور اے اسی آؤٹر پھٹنے کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں