کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ گل پلازہ پرریسکیو اور امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں، صوبائی انتظامیہ کا پورا نظام ہمہ وقت مصروف عمل ہے، حکومت کی ترجیح متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، تحقیقات سے واضح ہوگا آگ کس وجہ سے لگی، ذمہ داری کس پرعائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی املاک میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موثر انتظامات ناگزیر ہوتے ہیں، فائربریگیڈ کی گاڑیاں مسلسل موقع پر موجود اور ریسکیو آپریشن بغیرکسی وقفے کے جاری رہا۔
سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران ایک ریسکیو اہلکار کی شہادت ہوئی، ریسکیو اہلکار کی شہادت ثبوت ہے ادارے کمٹمنٹ، جانفشانی سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزام تراشیوں میں ملوث عناصرکو ایسے نازک لمحات میں ہوش سے کام لینا چاہیے، الزام تراشی مسائل کا حل نہیں، سب لوگ آگے بڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں تعاون کریں۔
انہوں نے بتایا کہ آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیاہے،کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے، عمارت کی اندرونی صورتحال کے بارے میں اس وقت کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں جو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ان کا کوئی نعم البدل نہیں، حکومت کی اولین ترجیح متاثرہ افرادکو بحفاظت ریسکیو کرنا ہے۔
گل پلازہ میں ہولناک آگ ! پہلی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی
تاجروں کے نقصان پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت تاجر برادری کو مایوس نہیں کرے گی۔ ماضی میں بھی حکومتِ سندھ تاجروں کیساتھ کھڑی رہی آج بھی شانہ بشانہ ہے جبکہ نقصانات کے حوالے سے حتمی اعداد و شمار کا تعین تحقیقات کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


