لاہور (21 جنوری 2026): کراچی میں گُل پلازہ میں ہولناک آتشزدگی کے سانحے کے بعد پنجاب حکومت نے بھی بڑا بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف تجارتی مرکز گُل پلازہ میں ہفتے کی شب ہونے والی ہولناک آتشزدگی کی تباہ کاریاں پانچویں روز بھی سامنے آ رہی ہیں اور اب تک 30 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ 80 سے زائد لاپتہ ہیں۔
اس سانحے نے ملک بھر کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور پنجاب حکومت نے بھی اس سانحے کے پیش نظر صوبے کی تمام عمارتوں میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پیشگی حفاظتی انتظامات سے متعلق سخت فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے سانحہ گُل پلازہ کے بعد تمام عمارتوں اور پلازوں کے لیے ایس او پیز مزید سخت کرتے ہوئے تمام فائر سیفٹی سسٹمز کے آڈٹ کی ہدایات کر دی ہیں۔ آڈٹ کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے متعلقہ حکام کو تمام کثیر المنزلہ عمارتوں اور پلازوں کے لیے ایس او پیز پر سختی سے علمدرآمد کی ہدایات بھی کی ہیں۔
سانحہ گل پلازہ سے متعلق تمام خبریں پڑھنے کے لیے کلک کریں
پنجاب حکومت کے فیصلے کے تحت تمام سرکاری دفاتر، اسپتالوں، نجی اداروں کی بھی مکمل جانچ کی جائے گی، تاکہ آگ کے خطرات کو بر وقت روکا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


