کراچی (25 جنوری 2026): سانحہ گل پلازہ میں لوگوں کو آگ سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے فائر فائٹر کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارش سامنے آئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گل پلازہ میں گزشتہ ہفتے ہونے والی ہولناک آتشزدگی کے بعد آگ بجھانے اور لوگوں کی جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دینے والے نوجوان فائر فائٹر فرقان علی کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارش سامنے آئی ہے۔
یہ سفارش گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کی ہے، جنہوں نے شہید فرقان کے گھر جا کر اہلخانہ سے تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کی۔
گورنر سندھ نے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے فرقان علی کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر انہوں نے بیوہ کے لیے پلاٹ دینے کا اعلان کیا، جس کی تعمیر بلڈر کرے گا جب کہ ان کے گھر کے سامنے کی سڑک کو شہید فائر فائٹر فرقان علی کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔
گورنر سندھ نے شہید فائٹر فرقان علی کے ننھے بیٹے کو گود میں اٹھا کر پیار کیا جبکہ پلاٹ کی فائل اور ستارہ امتیاز کی نامزدگی کا لیٹر اہل خانہ کو دیتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
گل پلازہ آتشزدگی سے متعلق تمام خبریں پڑھنے کیلیے یہاں کلک کریں
شہید فائر فائٹر فرقان کے بھائی اور اہل خانہ نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے صرف وعدے کیے جب کہ آپ اعلانات کے بجائے عملی اقدام کے ساتھ ہمارے پاس آئے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے کہا کہ ناظم آباد فائر اسٹیشن کو شہید فائٹر کے نام سے منسوب کرکے انھیں خراج تحسین پیش کریں گے۔
آتشزدگی کے باعث گل پلازہ کا عقبی حصہ زمین بوس، فائر فائٹر دب کر جاں بحق


