کراچی (20 جنوری 2026): گُل پلازہ آتشزدگی سانحے کے بعد ایم اے جناح روڈ پر ہی واقع مصروف تجارتی مرکز رمپا پلازہ کو تالے لگا دیے گئے ہیں۔
شہر قائد میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گُل پلازہ میں ہفتہ کی شب ہونے والی ہولناک آتشزدگی کے بعد وہاں ریسکیو کا کام جاری ہے اور سرچ آپریشن بھی دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ گل پلازہ سے متصل ایک کثیر المنزلہ تجارتی مرکز رمپا پلازہ کو بند کر کے اس میں تالے ڈال دیے گئے ہیں اور کسی کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں ہے۔
یہ اقدام انتظامیہ کی جانب سے گل پلازہ میں ریسکیو کے کام میں آنے والی رکاوٹوں کے باعث کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے گل پلازہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے رش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں خلل پڑا ہے۔
ایس ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ ہم ہر کسی کے ساتھ محبت سے پیش آ رہے ہیں کیونکہ یہ سانحہ ہے۔ عوام کو بھی چاہیے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ہمیں ہمارا کام کرنے دیں۔ پولیس کی نفری کو وہاں رش لگانے والوں کو ہٹانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
عارف عزیز نے یہ بھی بتایا کہ رمپا پلازہ کو تالے لگا دیے ہیں اور اب وہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔
کل بھی تاجروں سے کہا کہ جو سامان نکل رہا ہے، اس پر نگرانی کیلیے نام دیں دے۔ تاجروں کی جانب سے 12 نام دیے گئے ہیں، جو کمیٹی بنا دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی سامان نکل رہا ہے کہ اس کو کے ایم سی گراؤنڈ میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ جس تاجر کا سامان ہے، وہاں سے پروسیجر کے بعد حاصل کر سکتا ہے۔ تمام سامان ڈمپر میں روانہ ہوتا ہے، تو کمیٹی کا نمائندہ بھی ساتھ ہوتا ہے۔
سانحہ گل پلازہ سے متعلق تمام خبریں پڑھنے کے لیے کلک کریں
واضح رہے کہ رمپا پلازہ ایک کثیر المنزلہ عمارت ہے، جس میں گاڑیوں کےپارٹس اور ٹائروں کی دکانیں اور گودام بنے ہوئے ہیں۔
’پورے ملک کی 90 فیصد بلڈنگز میں فائر الارم اور ایمرجنسی ایگزٹ نہیں‘
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


