wwپیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں غیرقانونی تعمیرات بانی ایم کیو ایم کے گارڈ ’گوگا‘ نے کروائیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی رہنما عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ کراچی کے قاتل زبردستی منزلیں بنواتے تھے، یہ چائنہ کٹنگ کہاں سے آئے، کراچی کے پارک کہاں گئے کس نے ناجائز کٹنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ 35 سال بعد پہلی بار پیپلزپارٹی کو مینڈیٹ ملا تو کہتے ہیں کراچی ہمارا ہے۔
قادر پٹیل نے کہا کہ جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم نے 35 سالوں میں کراچی کو یہاں تک پہنچایا ہے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم آج بھی الطاف حسین کے فلسفے پر عمل پیرا ہے۔
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ پر کراچی کی فضا آج بھی سوگوار ہے، عمارت میں سے ملنے والی 27 لاشوں میں 20 کی شناخت ہو گئی ہے جب کہ اب تک 83 لاپتا رپورٹ ہوئے ہیں۔
یہ پڑھیں: گل پلازہ کی تمام خبریں
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گل پلازہ کے ملبے سے انسانی اعضا بھی ملے ہیں، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے مطابق بیس لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے، اور ناقابل شناخت لاشیں ایدھی سرد خانے منتقل کر دی گئیں۔
لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کلیکشن شروع ہو گیا ہے، 18 افراد کے ورثا نے ڈی این اے سیمپل جمع کرا دیے۔ گل پلازہ کے ملبے پر درجنوں شہری اشکبار ہیں، اور اپنے پیاروں کے لیے اب بھی کسی معجزے کے انتظار میں ہیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے گل پلازہ کا دورہ کیا، اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تمام لاپتہ افراد کے ملنے تک ریسکیو آپریشن مکمل نہیں ہوگا، ادارے ریسکیو آپریشن کے لیے موجود ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


