کراچی (23 جنوری 2026): صدر گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن تنویر پاستا کا کہنا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ سے تحقیقات میں تعاون کریں گے، اگر ہم پر کوئی کیس بنتا ہے تو سامنا کریں گے۔
تنویر پاستا نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں 12 سے 15 ارب کا سامان جل گیا، سامان زمین پر پھیلا ہوا ہے اور اس کے نیچے لاشیں موجود ہیں، سامان واپس اور شاپنگ سینٹر بن جائے گا لیکن جانوں کا نعم البدل نہیں۔
صدر گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت جو پیسہ دے گی وہ چیمبر کے ذریعے تقسیم ہوگا، حکومت اور ہمیں چیمبر پر بھروسہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گل پلازہ میں آگ اتنی تیزی سے کیسے پھیلی؟ تحقیقات میں اہم انکشاف
اس سے قبل تنویر پاستا نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ سندھ حکومت کے ذریعے ہی ہمارے نقصانات کا ازالہ ہو، آگ لگنے کے بعد صدر ورلڈ میمن آرگنائزیشن سلمان اقبال پہلے دن سے رابطے میں تھے، ہمارا دل بڑا ہوگیا کہ ان جیسے بڑے لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
صدر گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ کراچی چیمبر ہمارے ساتھ ہے، جاوید بلوانی زبیر موتی والا سب موجود تھے، ہم نے میٹنگ بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے متاثرین کیلیے ایک ایک کروڑ معاوضے کا اعلان کیا ہے، حکومت نے یقین دہانی کروائی ہے کہ نقصان کا مکمل ازالہ کیا جائے گا اور ہم گل پلازہ کی دکانوں کو دوبارہ تعمیر کر کے دیں گے۔
تنویر پاستا کا مزید کہنا تھا کہ قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اس کا کوئی معاوضہ نہیں ہو سکتا، وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کراچی آئیں اور دیکھیں ہم کس حال میں ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


