جمعہ, مارچ 13, 2026
اشتہار

گل پلازہ سانحے میں لاشوں کی شناخت کے عمل میں نیا موڑ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : گل پلازہ سانحے میں سندھ فرانزک ڈی این اے لیب نے پہلی 12 باقیات کے رزلٹ جاری کردیے، جس کے بعد مجموعی میتوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گل پلازہ سانحے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کی شناخت کے عمل میں نیا موڑ آگیا۔

سندھ فرانزک ڈی این اے لیب نے پہلی 12 باقیات کے نتائج جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر شناخت ہونے والی میتوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔

انچارج شناخت پراجیکٹ عامر حسن نے بتایا کہ لاشوں کی شناخت ڈی این اے کے بجائے پروف آف پریزنس کے ذریعے کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 مزید میتوں کو باقیات کی صورت میں ورثا کے حوالے کیا جائے گا، ڈی این اے سے شناخت کے مراحل مکمل ہونے کے بعد پروف آف پریزنس کے طریقہ کار پر عمل شروع کیا گیا۔

عامر حسن نے بتایا کہ جس دکان یا مقام سے لاش ملی، اس کی باقاعدہ انٹری کی گئی تھی جبکہ لاشوں کے مقام کا تعین موبائل فون لوکیشنز کی مدد سے بھی کیا گیا۔ مختلف شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ تعین کیا گیا کہ اٹھائے جانے والے اعضا کس فرد سے تعلق رکھتے ہیں۔

انچارج شناخت پراجیکٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں عمر نبیل، عائشہ اور علی بن عمر نبیل شامل ہیں، جبکہ خضر علی، حیدر علی اور عامر علی ، ابوبکر اور یاسین کی باقیات کی بھی شناخت ہو گئی ہے، اسی طرح صداقت اللہ، یوسف خان، نعمت اللہ اور عبداللہ کی باقیات کی شناخت بھی مکمل ہو چکی ہے۔

عامر حسن کا کہنا تھا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ جہاں ممکن ہو، ڈی این اے کے ذریعے بھی شناخت کی جا سکے، تاہم آخری آپشن کے طور پر پروف آف پریزنس کا طریقہ اختیار کیا گیا، جس پر اب عمل جاری ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں