کراچی : ایک ہفتے بعد سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا تاہم تحقیقات کے بعد باقاعدہ ذمہ داران کے نام مقدمے میں شامل کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، مقدمہ غفلت اور لاپرواہی کی دفعات کے تحت سرکار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا آگ لگنے کے واقعے میں شدید غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا، پلازہ میں مناسب حفاظتی اقدامات موجود نہیں تھے، جس کے باعث قیمتی جانوں کو خطرہ لاحق ہوا۔
مقدمے کے متن میں مزید بتایا گیا ہے کہ واقعے کے دوران لائٹس بند کر دی گئیں، جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کئی دروازے بھی بند تھے، جس سے صورتحال مزید خراب ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں تاحال کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا ہے، تاہم تحقیقات کے بعد باقاعدہ ذمہ داران کے نام مقدمے میں شامل کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے گزشتہ روز گل پلازہ آتشزدگی واقعے کا مقدمہ درج کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
خیال رہے سانحہ گل پلازہ کو پورا ہفتہ گزرگیا ہے ، پلازہ میں نوے فیصد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، سانحہ میں جاں بحق افراد کی تعداد اکہتر ہوگئی جبکہ پندرہ سے زائد کی شناخت کی گئی لیکن لاپتہ ہونے والے کئی افراد کا کچھ پتہ نہ چل سکا؛
عمارت میں آٹھویں روز بھی ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے ، ملبے سے مزید کوئی لاش تو نہیں لیکن رقم اور دیگر قیمتی اشیاء مل رہی ہیں۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


