کراچی:سانحہ گل پلازہ میں سرچ آپریشن کا کام حتمی مراحل میں داخل ہوگیا اور مزید انسانی باقیات برآمد ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 71 تک جا پہنچی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے گل پلازہ میں سات روز سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران مزید انسانی باقیات برآمد ہوئی، جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز سول اسپتال کراچی میں ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے مزید باقیات بھجوائی گئی تھیں، پوسٹ مارٹم کے دوران اندازہ ہوا ہے کہ برآمد ہونے والی باقیات کی مقدار زیادہ ہے، جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ سامنے آیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کے مطابق گل پلازہ میں سرچ آپریشن اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، امید ہے سرچ آپریشن آج مکمل کر لیا جائے گا۔
سرکاری فہرست کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد 77 ہے تاہم مزید کوئی لاپتہ ہے تو وہ رابطہ کرسکتا ہے امید ہے سرچ آپریشن آج مکمل کر لیا جائے گا۔
ڈی سی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی ٹیم موقع پر تعینات ہے اور ان کی نگرانی میں تمام کارروائی انجام دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب گل پلازہ کی آگ سے تباہ شدہ عمارت میں ہیوی مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ جاں بحق افراد کی باقیات کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 واجد صبغت کے مطابق گمشدہ افراد کی تلاش کے لیے گراؤنڈ فلور پر سرچ آپریشن باقی ہے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ گزشتہ رات بیسمنٹ میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی تھی ، جسے بروقت کنٹرول کر لیا گیا، تاہم عمارت کی حالت انتہائی خطرناک ہے جس کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر تکنیکی کمیٹی نے گل پلازہ کو مخدوش قرار دیتے ہوئے عمارت کو گرانے کی سفارش کر دی ہے۔
سانحے میں درجنوں خاندان اجڑ گئے ہیں جبکہ پلازہ کے باہر متاثرہ خاندانوں کے افراد اب بھی اپنے پیاروں کی واپسی کی امید لیے منتظر ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


