کراچی : سانحہ گل پلازہ میں اموات کی تعداد 29 ہوگئی ، جس میں سے گیارہ لاشوں کی شناخت ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد سرچ آپریشن پانچویں روز بھی جاری ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے اب تک 29 لاشیں نکال لی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ گل پلازہ کی بیسمنٹ میں سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، تاہم وہاں سے کوئی لاش نہیں ملی۔
فائر آفیسر ظفر خان کا کہناتھا کہ دوسری اور تیسری منزل پر قائم مساجد، عمارت کے عقبی حصے اور ملبے تلے دبے بعض حصوں میں تاحال سرچ آپریشن نہیں کیا جا سکا، دھواں ختم ہوچکا ہے اور کولنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، تاہم عمارت کی مخدوش حالت کے باعث کارروائی میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔
حکام کا کہا اب تک نکالی گئی اٹھائیس لاشوں میں سے گیارہ کی شناخت ہوچکی ہے ، گزشتہ شب ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے پندرہ سالہ مریم، چھبیس سالہ رضوان اور تینتیس سالہ شہروز کی شناخت کی گئی۔
اب تک چھبیس میتوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوچکا ہے جبکہ سی پی ایل سی نے ساٹھ ڈی این اے ریفرنس سیمپلز حاصل کیے تھے، فارنزک عمل میں شناخت پروجیکٹ اور پولیس سرجن کراچی بھی تعاون کر رہے ہیں۔
ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق گل پلازہ کی عمارت انتہائی خطرناک ہوچکی ہے اور بقیہ ڈھانچے کو گرانا ناگزیر ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبہ بہت زیادہ ہونے کے باعث سرچ آپریشن مکمل ہونے میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
گل پلازہ میں آگ تو بجھا دی گئی ہے، مگر اس سانحے نے درجنوں خاندانوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ لاپتہ افراد کی تلاش اس وقت تک جاری رہے گی جب تک عمارت کی مکمل سرچنگ نہیں ہوجاتی۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں



