کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اعلان کیا ہے فائرفائٹر شہید فرقان علی کو سول ایوارڈ (ستارہ امتیاز) دینے کے لیے صدرِ پاکستان سے سفارش کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گل پلازہ سانحے میں شہید ہونے والے فائر فائٹر فرقان علی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔
گورنر سندھ نے شہید فرقان علی کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ فرقان علی نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فرض کی ادائیگی کی اور قوم کے لیے قربانی دی۔ گل پلازہ سانحے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد کے کاروبار تباہ ہو گئے، جس پر پوری قوم افسردہ ہے۔
کامران ٹیسوری نے اعلان کیا کہ شہید فائر فائٹر فرقان علی کے نام سے ایک فائر اسٹیشن منسوب کیا جائے گا، جبکہ سرکاری رہائش بھی ان کے اہلِ خانہ کے نام منتقل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر فرقان علی کو سول ایوارڈ کے لیے نامزد کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں اپنے دستخطوں کے ساتھ صدرِ مملکت کو خط ارسال کیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ شہید فرقان علی کے اہلِ خانہ کو ایک پلاٹ بھی دیا جائے گا، جس پر بلڈرز کی مدد سے گھر تعمیر کر کے حوالے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فرقان علی کے نام سے ایک اسٹریٹ منسوب کرنے کے لیے میئر کراچی کو بھی خط لکھا جائے گا۔
گل پلازہ سانحے پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سیاست یا الزام تراشی کے بجائے اس سانحے سے سبق سیکھنے اور مستقبل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی بنانے کی ضرورت ہے، سو سے زائد لواحقین اب بھی اپنے پیاروں کے ڈی این اے نتائج کے منتظر ہیں اور کئی خاندانوں کو اپنے پیاروں کی لاشیں تک نہیں مل سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں پہلے ہی بہت خونریزی ہو چکی ہے اور سیاسی جماعتوں کے درمیان الزام تراشی بند ہونی چاہیے، ممکن ہے شہید کے پاس جدید حفاظتی آلات نہ ہوں، جن سے وہ اپنی جان بچا سکتے۔
انہوں نے کے ایم سی، فائر بریگیڈ، فائر ٹینڈرز سمیت تمام متعلقہ اداروں کے آڈٹ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ معاملہ فائلوں اور سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے، اگر کسی سطح پر غلطی یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے تاکہ شہید فرقان علی کو انصاف مل سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


