منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

گل پلازہ میں آگ اتنی تیزی سے کیسے پھیلی؟ تحقیقات میں اہم انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دکان میں لگنے والی آگ اے سی گیس کی وجہ سے تیزی سے ہر طرف پھیلی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات جاری ہے ، ذرائع نے بتایا گل پلازہ میں لگنے والی آگ 10 سے 15 منٹ میں پوری عمارت میں پھیل گئی۔

تحقیقاتی ذرائع نے بتایا ابتدائی تحقیقات کے مطابق دکان میں لگنے والی آگ اے سی گیس کی وجہ سے تیزی سے ہر طرف پھیلی، جبکہ پلازہ میں حفاظتی اقدامات اور بجلی کی تاروں کا نظام مناسب نہیں تھا۔

ذرائع کے مطابق داخلی اور خارجی راستے تنگ تھے، جس کی وجہ سے آگ کے پھیلاؤ اور امدادی کارروائی متاثر ہوئی تاہم تحقیقاتی ٹیم آگ کے پھیلنے میں ممکنہ تخریب کاری کے پہلو پر بھی تحقیقات جاری رکھے گی۔

آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے کمشنرکراچی کی سربراہی میں کمیٹی کام کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں : گل پلازہ میں آگ کی ابتدا کہاں سے ہوئی؟ اہم شواہد مل گئے

تخریب کاری سے متعلق سوال پر آئی جی سندھ نے کہا کمیٹی اپنی سفارشات دے گی تو جائزہ لیں گے۔

اس سے قبل کراچی میں گل پلازہ میں لگے کیمروں کے مانیٹرنگ سسٹم کے ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈرز (ڈی وی آر) ملے تھے، ذرائع نے بتایا تھا کہ ڈی وی آر سے گل پلازہ کے کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا جائے گا تاہم ڈیجیٹل ویڈیوریکارڈرز کو تحقیقات کیلئے محفوظ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈی وی آر کی فوٹیج سے آگ کی ابتدا معلوم کی جا سکے گی اور یہ بھی واضح ہو گا کہ ایمرجنسی ایگزٹس کھلے تھے یا بند تھے۔

خیال رہے گل پلازہ میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہو گئی ہے، لاپتہ افراد کی فہرست میں ستترا افراد شامل ہیں، اور کچھ افراد کا تاحال پتہ نہیں چل سکا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں