کراچی : سانحہ گل پلازہ کے جوڈیشل کمیشن نے تنویر پاستا کوآج دوبارہ طلب کرلیا، گزشتہ روز فائر آفیسر اور ڈی جی ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اور دیگر انتظامیہ نے اپنے بیان قلمبند کرائے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن نے گل پلازہ کے صدر تنویر پاستا کو آج دوبارہ طلب کرلیا ہے، جبکہ دیگر متعلقہ محکموں کے حکام کو بھی کمیشن کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ روز کمیشن کے اجلاس میں فائر بریگیڈ، ریسکیو اور انتظامیہ کے حکام نے اپنے بیانات قلمبند کرائے تھے۔.
ڈی جی ریسکیو 1122 نے بیان میں کہا تھا کہ اگر آگ لگنے کی اطلاع بروقت مل جاتی تو صورتحال مختلف ہو سکتی تھی۔
کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل نے استفسار کیا کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد کیا کسی کو فوری ریسکیو کیا گیا؟ جس پر ڈی جی ریسکیو نے بتایا کہ گراؤنڈ فلور مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں تھا اور دروازے بند ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔
سماعت کے دوران جسٹس آغا فیصل نے چیف فائر آفیسر سے آگ لگنے کی وجوہات، اس کے پھیلاؤ اور قیمتی جانوں کے ضیاع سے متعلق بھی سوالات کیے۔
چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ اگر بجلی بند نہ ہوتی تو صورتحال قدرے بہتر ہو سکتی تھی۔
کمیشن نے واقعے کی مزید تحقیقات جاری رکھتے ہوئے آئندہ سماعت میں مزید شواہد اور بیانات طلب کر لیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


