سندھ حکومت نے سانحہ گل پلازہ پر شفاف تحقیقات کیلئے عدالتی انکوائری کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے سانحہ گل پلازہ کی عدالتی تحقیقات کےلئے باضابطہ خط لکھ دیا ہے جس میں ہائی کورٹ کے حاضر سروس جج سے سانحے کی انکوائری کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی نے عدالتی انکوائری کا فیصلہ کیا ہے جس میں گُل پلازہ واقعہ میں ذمہ داری اورانتظامی غفلت کا تعین کیا جائے گا۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے انکوائری کےلیے جج نامزد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عدالتی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا ہے، انکوائری مزید شفاف بنارہے ہیں تاکہ کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی تحقیقات کا فیصلہ کسی سیاسی جماعت کے دباؤ میں نہیں کیا ہے، حاضر سروس جج کے ذریعے انکوائری کا مطالبہ کیا ہے، عمارت کی غیرقانونی لیز دینے والوں سے بھی تفتیش ہوگی۔


