کراچی : راشد منہاس روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 3 ڈاکو ہلاک ہوگئے، ملزمان ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہورہے تھے کہ پولیس سے سامنا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن جمال میں مبینہ مقابلے کے دوران پولیس نے تین ڈاکو مار گرائے، پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ڈاکو گھر میں ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ پولیس کے بروقت پہنچنے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی، فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کےساتھ سادہ لباس میں موجود اہلکاروں کو بھی ڈاکوؤں پرفائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ مقابلے کے دوران ایک شہری بھی آگیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ ملزمان گھر میں ڈکیتی کررہے تھے، پولیس کے پہنچے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزمان کے فنگر پرنٹس بھی حاصل کرلئےہیں، اسلحہ فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیا ہے، پولیس مقابلے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔