نئی دہلی(8 دسمبر 2025): بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کا مقبول ترین ٹی وی ریئلٹی شو بگ باس 19 کا ٹائٹل گورو کھنہ نے جیت لیا ہے۔
بگ باس سیزن 19 کے فائنل میں گورو کھنہ نے دوسری فائنلسٹ فرحانہ بھٹ کو پیچھے چھوڑ کر خطاب اپنے نام کرلیا ہے، فائنل مقابلہ کیلئے 5 ناموں کو شاٹ لسٹ کیا گیا تھا جن میں گوروکھنہ، فرحانہ بھٹ، امال ملک، پرنیت مورے اور تانیہ متل شامل تھے۔
فائنل میں گوروکھنہ اور فرحانہ بھٹ باقی تھے اور اس مقابلہ میں گورو کھنہ نے کامیابی حاصل کرلی، انہیں ٹائٹل کے ساتھ 50 لاکھ روپے انعامی رقم بھی ملے، بگ باس سیزن 19 کا آغاز 24 اگست کو 16 امیدواروں کے ساتھ ہوا تھا۔ تاہم بعد میں 2 اور امیدوار اس میں شامل ہوئے تھے۔
بگ باس 19 کے فاتح گورو کھنہ کی بات کریں تو وہ بالکل نیا چہرہ نہیں تھا، شو میں آنے سے پہلے بھی ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں تھی اور اب یہ تعداد تیزی سے بڑھنے والی ہے۔
انوپما میں ان کے کردار کو خوب پذیرائی ملی، گورو کھنہ کا تعلق کانپور سے ہے اور وہ تقریباً دو دہائیوں سے ٹیلی ویژن کی دنیا میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز 2006 میں سیریل’ بھابھی‘ سے کیا۔


