گوادر : مکران کوسٹل ہائی وے پر دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں بچے سمیت سات افراد جاں بحق اور خاتون سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گوادر کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر منیجی کے مقام پر دو گاڑیوں کے درمیان ہولناک تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت سات افراد جاں بحق اور خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
ترجمان ایس پی کوسٹل ہائی وے نے بتایا کہ یہ المناک حادثہ سڑک پر کھڑے ایک خراب آئل باؤزر کے باعث پیش آیا، جس سے تیز رفتار گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹل ہائی وے پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
پولیس کے مطابق تمام جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اورماڑہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک کمسن بچہ بھی شامل ہے، جبکہ زخمیوں میں ایک خاتون بھی موجود ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


