اسلام آباد: مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے گوادر بندرگاہ فعال کردی گئی ہے، گوادر بندرگاہ فعال ہونے سے کاروباری سرگرمیاں اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے گوادر بندرگاہ فعال کردی گئی ہے۔
مشیر تجارت کے مطابق وزارت تجارت نے یہ اقدام ایپٹا 2010 معاہدے کے تحت کیا ہے۔ گوادر بندرگاہ فعال ہونے سے کاروباری سرگرمیاں اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔
I am pleased to share with you that Ministry of Commerce has operationalized Gwadar Port for Afghan Transit Trade under APTTA 2010.@ImranKhanPTI @ansukhera @aliya_hamza @Emergingpk @PTIofficial @PTVNewsOfficial @RadioPakistan @appcsocialmedia 1/4
— Abdul Razak Dawood (@razak_dawood) April 21, 2020
انہوں نے کہا کہ اقدام سے تاجر برادری اور شپنگ انڈسٹری کو بھی فائدہ ہوگا، بندرگاہ کا فعال ہونا ایکو سسٹم پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا جبکہ اس سے ملک کی ایک اور بڑی بندرگاہ فعال ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ڈاکٹر سرفراز احمد کے مطابق پاکستان کے راستے افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ سے سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار سے ایک لاکھ 40 ہزار کنٹینرز کی ترسیلات ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان کے ذریعے افغانستان کی 30 فیصد ٹرانزٹ ہوتی ہے، افغانستان کے 40 فیصد مال کی ایران کے راستے ترسیل ہوتی ہے، پاکستان کے راستے افغانستان نے 2018 میں 2.3 ارب ڈالر کی تجارت کی تھی۔