اسلام آباد (11 مئی 2026): وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے گوادر پورٹ کو علاقائی لاجسٹکس حب بنانے کے لیے بڑے معاشی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کے لیے گوادر بندرگاہ کے ٹیرف میں نمایاں کمی کر دی ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور کے مطابق کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فی صد کمی کی گئی ہے جب کہ انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز 40 فی صد تک کم کر دیے گئے ہیں۔ اسی طرح ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر پورٹ چارجز میں 31 فی صد تک کمی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ جنرل کارگو کے لیے ایک ماہ کی مفت اسٹوریج سہولت متعارف کرائی گئی ہے جب کہ ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو بھی خصوصی ریلیف دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ پر دیگر قومی بندرگاہوں کے مقابلے میں ریکارڈ مراعات دی جا رہی ہیں تاکہ بین الاقوامی شپنگ لائنز کو متوجہ کیا جا سکے۔
گیس سپلائی دباؤ کا شکار؟ پاکستان نے دوبارہ اسپاٹ ایل این جی مارکیٹ کا رخ کر لیا
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ نئے ٹیرف اسٹرکچر سے شپنگ لائنز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے جس سے گوادر بندرگاہ پر کارگو ہینڈلنگ میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے لاجسٹکس سیکٹر میں توسیع اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر نورالحق بلوچ نے کہا کہ نئے ٹیرف اسٹرکچر سے بلوچستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور تجارت کو فروغ ملے گا۔


