The news is by your side.

Advertisement

کرونا رپورٹ شیئر کرنے پر پی سی بی ناراض، حفیظ کو معافی مانگنا پڑ گئی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ پبلک کرنے پر محمد حفیظ سے شدید ناراض ہوگئے۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز  شہزاد ملک کے مطابق محمد حفیظ کی جانب سے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے ناراضی کا اظہار کیا۔

وسیم خان نے محمد حفیظ سے رابطہ کر کے کہا کہ ’آپ کو رپورٹ پبلک کرنے سے قبل کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرنا چاہیے تھا، آپ کی وجہ  سے ٹیسٹنگ نظام پر سوالیہ نشان  لگا، آپ کے ٹوئٹ سے پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی بھی ہوئی‘۔

وسیم خان نے محمد حفیظ کے عمل پر مایوسی اور ناراضی کا اظہار کیا جس پر بلے باز نے اُن سے معافی مانگی۔

مزید پڑھیں: محمد حفیظ کے بعد اہلخانہ کی کرونا رپورٹ بھی آگئی

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، پی سی بی کے دیگر عہدیداران بھی محمد حفیط کے عمل سے ناخوش ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے  دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ کروائے تھے، محمد حفیظ سمیت 7 کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ پازیٹیو آئے تھے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر نے نجی اسپتال سے دوبارہ کرونا کی تشخیص کا ٹیسٹ کروایا جس میں اُن کی رپورٹ منفی آئی، محمد حفیظ نے آج دوپہر ٹیسٹ کی رپورٹ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی تھی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں