لاہور (8 اگست 2026): جماعت اسلامی پاکستان نے بھاری پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنوں کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں کل بروز اتوار ہونے والے دھرنے ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوا، احتجاجی دھرنے اب 9 کے بجائے 16 اگست کو ہوں گے۔
اجلاس میں یوم آزادی کی تقریبات بھرپور انداز سے منانے کا فیصلہ ہوا جس کے باعث دھرنے دھرنے 16 اگست کو دیے جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ روز ملک بھر کے 510 سے زائد مقامات پر پرامن احتجاج کیا گیا جس میں عوام نے پیٹرولیم لیوی مسترد کر دی، پورا پاکستان لیوی اور مہنگے پیٹرول کے خلاف ایک آواز بن گیا، عوام کا مطالبہ ہے پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے اعلان کیا کہ 16 اگست سے چاروں صوبوں میں بیک وقت دھرنوں کا آغاز کیا جائے گا، لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے ہوں گے، حکمرانوں کو عوام دشمن فیصلوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کے خلاف جدوجہد کی اور حکومت کو مذاکرات پر مجبور کیا، آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔


