لاہور : حافظ سعید کی جانب سے وفاقی وزیرخارجہ خواجہ آصف کو بھیجے گئے لیگل نوٹس میں 14 دن میں بیان واپس لے کر معافی نہ مانگنے پرعدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے.
تفصیلات کے مطابق حافظ سعید کی جانب سے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے خواجہ آصف کو لیگل نوٹس بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں وزیرخارجہ نے حافظ سعید کے متعلق بیان میں بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں جس سے نہ صرف حافظ سعید کی ساکھ متاثر ہوئی بلکہ پورے پاکستان کے عوام کی دل آزاری ہوئی لہذا خواجہ آصف چودہ روز میں اپنا بیان واپس لے کر معافی مانگیں بصورت دیگر ان کے خلاف عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔
اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف نے جو بیان دیا اس سے پاکستان کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے اور لگتا ہے کہ وزیرخارجہ ملک دشمنوں کی زبان بول رہے ہیں کیوں کہ جو الزامات ہم پر امریکہ اور بھارت لگا رہے ہیں وہی الزامات خواجہ آصف نے بھی دہرائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حافظ سعید پر وائٹ ہاوس میں شراب پینے کا الزام لگایا گیا جو کہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ حافظ سعید ملک بھر کے عوام کی بلا امتیاز خدمت کر رہے ہیں اور رفاحی کاموں میں مشغول ہیں لیکن خواجہ آصف نے جو کہا اس سے لگتا ہے کہ انھیں اپنی زبان پر کنٹرول نہیں ہے.
خیال رہے امریکا میں انٹرویو دیتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے حافظ سعید کو امریکا کا دوست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ لوگ وائٹ ہاؤس میں کھانا کھایا کرتے تھے اور آج ہمارے اثاثے قرار دیکر امریکا ہم ہی سے ڈومور کا مطالبہ کررہا ہے.
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔