کراچی: کینیڈا میں مقیم ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی اچانک وطن واپس پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق حیدر عباس رضوی دو سال بعد اچانک وطن واپس پہنچ کر ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پہنچے جہاں اُن کا استقبال رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کیا۔
ذرائع کے مطابق حیدر عباس رضوی کا استقبال رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری اور فرقان اطیب نے کیا جس کے بعد انہوں نے کنونیئر اور ڈپٹی کنونیئرز سے بھی ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور ایم کیو ایم دھڑے بندی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حیدر عباس رضوی نے الیکشن سے متعلق ہونے والے اتنظامات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران سے بھی ملاقات کی۔ ایم کیو ایم پی آئی بی کے رہنماء نے بھی حیدر عباس رضوی کو وطن واپسی پر مبارک باد پیش کی۔
یاد رہے کہ 22 اگست کی متنازع تقریر کے بعد ایم کیو ایم رہنماء نے فاروق ستار کی سربراہی میں بننے والی جماعت کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا تھا تاہم گزشتہ کچھ ماہ قبل ہونے والی ایم کیو ایم خلیج کے دوران فاروق ستار نے حیدر عباس رضوی کو براہ راست پریس کانفرنس کے دوران جھاڑ بھی پلائی تھی۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’حیدر بھائی میں نے آپ کے میسج خود پڑھے جس میں آپ نے بہادر آباد کی حمایت کرنے کا اعلان کیا اور کارکنان کو بھی اسی بات کی ترغیب دی‘ْ
واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل سوشل میڈیا پر ایم کیو ایم رہنما کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ کینیڈا میں آن لائن ٹیکسی سروس میں بطور ڈرائیور اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے ذریعہ معاش چلا رہے ہیں البتہ اس تصویر کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں