لاہور: پاکستان متحدہ علماء کونسل کے سربراہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ 9 اگست کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ علماء کونسل کے سربراہ طاہر اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فورسز بڑھادی ہیں، کلسٹر بموں کے استعمال پر پاکستان اور امن پسند ممالک خاموش نہیں رہ سکتے، 9 اگست کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور دیگر اختلافات اپنی جگہ ہیں، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت نے کوئی جارحیت کی تو بھرپور جواب ملے گا۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ موجودہ حالات میں او آئی سی کا کردار اہم ہے، پاکستانی قوم حکومت کی قیادت میں کشمیریوں کے ساتھ ہے، بھارت اور اسرائیل کا ظلم ختم ہونے والا ہے۔
مزید پڑھیں: قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ترکی سمیت دیگر اسلامی ممالک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں، وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر تقویت ملی ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ بھارت ایل او سی کی خلاف ورزی کرکے دہشت گردی کررہا ہے، اقوام متحدہ اور او آئی سی اجلاس طلب کرکے بھارت کے خلاف ایکشن لیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ یورپی یونین اور اقوام متحدہ اپنے مبصرین کشمیر بھیجیں اور عالمی طاقتیں کشمیریوں پر مظالم روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
حافظ طاہر اشرفی نے حاصل بزنجو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ثبوت ہیں تو الزام لگانے کے بجائے عدالت جائیں، سیاست دان اپنا کردار بھی دیکھیں، قومی سلامتی کے اداروں کو اپنا کام کرنے دیں۔