بدھ, جنوری 21, 2026
اشتہار

موسم سرما میں بال زیادہ کیوں جھڑتے ہیں؟ ماہرین نے وجہ بتادی

اشتہار

حیرت انگیز

سردیوں میں بال زیادہ کیوں جھڑتے ہیں؟ عام طور پر سردیوں کی وجہ سے بال خشک ہوکر گرنا شروع ہوجاتے ہیں، اس مسئلے کا سامنا تقریباً ہر ایک کو پڑتا ہے۔ اس کے پیچھے کیا وجوہات ہیں؟ جانیے۔

موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی بہت سے لوگوں کے بالوں کا تیزی سے جھڑنا ایک عام مسئلہ ہے۔ گرمیوں کے مقابلے میں سردیوں میں بال زیادہ گرتے ہیں، جس کی بنیادی وجہ خشک موسم، غذائی کمی اور غیر مناسب نگہداشت ہے۔

سرد موسم کی خشک ہوا نہ صرف جلد بلکہ کھوپڑی کو بھی متاثر کرتی ہے۔ جب کھوپڑی خشک ہو جاتی ہے تو خشکی پیدا ہوتی ہے، جو بالوں کی جڑوں کو کمزور کرکے بال گرنے کا باعث بنتی ہے۔

اسی دوران لوگ خشکی دور کرنے کے لیے ضرورت سے زیادہ تیل استعمال کرتے ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق زیادہ تیل لگانے سے فنگس کی افزائش بڑھ سکتی ہے، جس سے خشکی میں اضافہ اور بالوں کی ٹوٹ پھوٹ مزید بڑھ جاتی ہے۔

بہتر یہ ہے کہ بالوں میں شیمپو سے ایک گھنٹہ پہلے معمول کے مطابق ہلکا تیل لگایا جائے۔

سردیوں میں ہم گرم کپڑے، ٹوپیاں اور کمبل استعمال کرتے ہیں، جو بالوں پر رگڑ پیدا کرتے ہیں۔ اس رگڑ سے بال الجھتے، خشک ہوتے اور ٹوٹنے لگتے ہیں۔

ماہرین رات کو ریشمی ٹوپی پہن کر سونے اور نرم کپڑے کی ٹوپی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ رگڑ کم ہو۔

ایک اور اہم وجہ وٹامن ڈی کی کمی ہے۔ سردیوں میں سورج کی روشنی کم ملتی ہے، جس کے باعث جسم میں وٹامن ڈی کی سطح کم ہو جاتی ہے اور بال گرنے کا عمل تیز ہوجاتا ہے۔

اگر بال غیر معمولی حد تک جھڑ رہے ہوں تو وٹامن ڈی کا ٹیسٹ کروانا فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ بالوں کا جھڑنا ایک قدرتی عمل ہے، مگر آلودگی، ذہنی تناؤ، ہارمونل تبدیلیاں اور ناقص خوراک اس مسئلے کو بڑھا دیتی ہیں۔

بالوں کی باقاعدہ دیکھ بھال، متوازن غذا اور مناسب حفاظتی اقدامات سردیوں میں بالوں کے گرنے کو کم کر سکتے ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں