بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اور سیف علی خان کی تھرلر فلم ’حیوان‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ مطابق ہدایت کار پریا درشن کی تھرلر فلم ’حیوان‘ کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے جس میں سیف علی خان نابینا شخص کا کردار نبھائیں گے جبکہ اکشے کمار ولن کے روپ میں جلوہ گر ہوں گے۔
فلم میں بومن ایرانی، شریا پیلگونکر بھی اہم کرداروں میں موجود ہیں۔
حیوان کا ٹیزر تقریباً 25 سیکنڈ کا ہے خاص بات یہ ہے کہ فلم سازوں نے دونوں مرکزی اداکاروں کے کرداروں کو پوری طرح ظاہر کرنے کے بجائے سائے اور پراسرار مناظر کا سہارا لیا ہے۔
ٹیزر میں اکشے کمار بالکل مختلف اور خوفناک انداز میں دکھائی دے رہے ہیں، وہ فلم میں ایک انتہائی منفی اور بے رحم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اکشے کے مطابق یہ ان کے کریئر کے مشکل ترین کرداروں میں سے ایک ہے، کیونکہ ان کے کردار میں کوئی گرے شیڈ نہیں بلکہ وہ مکمل طور پر برائی کی طرف مائل شخص ہے۔ ٹیزر میں اکشے کی خوفناک ہنسی اور ان کے کردار کی پراسرار موجودگی فلم کے ماحول کو مزید سنسنی خیز بنا دیتی ہے۔
دوسری جانب سیف علی خان فلم میں ایک نابینا شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ٹیزر میں ان کا کردار بظاہر کمزور اور بے بس نظر آتا ہے، لیکن وہ خطرے کو محسوس کرنے اور اس کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سیف کا کردار ایک نابینا مارشل آرٹس ماہر کا ہے جو ایک بچی کو بچانے کی کوشش کرتا ہے۔ دوسری طرف اکشے کمار کا کردار اس بچی کے لیے ایک بڑے خطرے کے طور پر سامنے آتا ہے۔
واضح رہے کہ ’حیوان‘ 11 ستمبر 2026 کو بڑے پردے کی زینت بنے گی۔


