The news is by your side.

Advertisement

حج 2020 کے اخراجات گزشتہ سال سے زیادہ ہونے کا امکان

اسلام آباد: حج 2020 کے اخراجات گزشتہ سال سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، آئندہ سال حج اخراجات میں 60 ہزار روپے اضافہ متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے مذہبی امور کا حافظ عبدالکریم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں حج 2020 کی مجوزہ پالیسی اور انتظامات پر سیکریٹری مذہبی امور نے بریفنگ دی۔

سیکریٹری مذہبی امور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حج 2020 کے اخراجات گزشتہ سال سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات 4 لاکھ 89 ہزار روپے متوقع ہیں، گزشتہ سال حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے تھے۔

سیکریٹری مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے عائد ٹیکسز کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہورہا ہے، سعودی عرب نے حج اخراجات 2400 سے 2650 ریال کردئیے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومتی کفایت شعاری سے گزشتہ حج پر 5 ارب 53 کروڑ روپے حاجیوں کو واپس کیے، اوسطاً فی حاجی 37 ہزار روپے واپس کیے گئے، 70 فیصد حاجیوں کو بچ جانے والی رقم واپس کی گئی۔

اجلاس میں کمیٹی ممبران نے حج اخراجات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا، ذیلی کمیٹی میں سفارش کی گئی کہ سرکاری اسکیم کے حج اخراجات کم کیے جائیں، حج اخراجات میں کمی کے لیے سعودی حکومت سے بات کی جائے۔

سیکریٹری مذہبی امور کا کہنا تھا کہ شکایت کے ازالے کے لیے پاک سعودیہ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی بنائی جارہی ہے، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ ایئرپورٹس کی روڈ ٹو مکہ میں شمولیت کے لیے خط لکھا جائے گا، وزیراعظم عمران خان جلد سعودی حکومت کو خط لکھیں گے۔

fb-share-icon0
Tweet 20

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں