اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار حج کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2020 کی منظوری دے دی، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ رواں سال سعودی عرب نے 1 لاکھ 89 ہزار 210 کا حج کوٹہ دیا ہے۔
نور الحق قادری نے کہا کہ 60 فیصد حجاج سرکاری اسکیم اور 40 فیصد پرائیویٹ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حج قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم عمران خان کو تشویش ہے، رواں سال حج کی کل قیمت 4 لاکھ 90 ہزار ہوگی۔
نور الحق قادری نے کہا کہ 70 سال یا زائد عمر والے حجاج کے نام بغیر قرعہ اندازی شامل ہوں گے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے حجاج کے لیے عارضی کیمپ قائم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: حج 2020، وزارت مذہبی امور کا عازمین حج کے لیے اہم اقدام
واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی تربیت کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عازمین کی تربیت کے لیے تھری ڈی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور نے تھری ڈی ٹیکنالوجی کی حامل کمپنیوں سے اظہار دلچسپی طلب کرلی، تربیت میں حج، عمرہ اور مشاعر کے دنوں سے متعلق تربیت شامل ہوگی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ تھری ڈی ٹیکنالوجی سے مل کے مختلف اضلاع میں تربیت کا اہتمام کیا جائے گا، تھری ڈی ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ وزیر مذہبی امور کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔