جدہ (9 نومبر 2025): حج 2026 کے انتظامات اور سہولتوں سے متعلق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا گیا۔
سعودی وزارت کے مطابق سعودی نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان المشاط اور وفاقی سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمان نے جدہ میں حج معاہدے پر دستخط کیے۔
دستخط کی تقریب میں پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، ڈی جی حج جدہ عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر حج مکہ مکرمہ عزیز اللہ خان، ڈائریکٹر حج مدینہ منورہ ضیا الرحمن، ڈپٹی سیکرٹری حج پالیسی چوہدری کاشف حسین اور پرائیویٹ حج کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم (ہوپ) کے عہدے داران شریک ہوئے۔
وفاقی سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن نے حجاج کی مہمان نوازی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سعودی حکومت کی بہترین کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی پاکستانی حجاج کرام کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ڈاکٹر عطا کا کہنا تھا کہ وزارتِ مذہبی امور سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیموں کے انتظامات کو بروقت اور مؤثر طریقے سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


