اسلام آباد: وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری کا کہنا ہے کہ حج اخراجات معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری کا میڈیا آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حج کو سیاست کی نظر کردیا گیا ہے، حج مہنگا یا سستا معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے، عازمین حج کی تربیت زیادہ سے زیادہ ہو، بہتر حج تب ہوگا جب حاجی کی بہتر تربیت ہوگی۔
پیرنورالحق قادری کا کہنا تھا کہ عازمین حج کی تربیت میڈیا، سوشل میڈیا اور اخبارات کے ذریعے کریں گے، سرکاری کے علاوہ پرائیویٹ میڈیا کو بھی حج تربیت آگاہی میں حصہ ڈالنا چاہیے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ وزیرِ اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے اراکین سے ملاقات میں حج اخراجات میں اضافے کو حکومتی مجبوری قرار دیا تھا۔
سعودی عرب میں بھی حج اخراجات میں 35 فی صد اضافہ ہوا: وزیرِ اعظم
وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں بھی حج اخراجات میں 35 فی صد اضافہ ہوا، جانتا ہوں حج کے لیے لوگ سارا سال پیسے جمع کرتے ہیں، لیکن حکومت کو ہر روز قرضوں پر 6 ارب روپے سود ادا کرنا پڑتا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے رواں سال حج پر سبسڈی نہ دینے کے فیصلے کے بعد حاجیوں کے لیے حج اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔