اسلام آباد: ایران اور سعودی عرب میں کشیدگی کے سبب ایرانی شہری اپنی حکومت کی جانب سے عائد کی گئی پابندی کی وجہ سے اس سال حج پر نہیں جا پائیں گے، رواں برس ایرانی عازمین حج کا کوٹا پاکستان کو ملنے کا امکان ہے۔
پاکستانی وزیر مذہبی امور سردار یوسف وفد کے ساتھ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، ذرائع کے مطابق وزیر مذہبی امور اور سعودی حکام میں حج کے انتظامات سے متعلق بات چیت ہوگی، وزیرمذہبی امورعازمین کے لیے حاصل کی گئی عمارات اور حج کے لیے دیگر انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال منیٰ میں بھگدڑ مچنے سے سینکڑوں افراد شہید ہوئے تھے، جن میں چار سو سے زائد ایرانی زائرین بھی شامل تھے ۔منیٰ میں بھگدڑ مچنے کے واقعے پر ایران سعودی تعلقات میں تلخی آگئی تھی۔
تاہم کشیدگی میں شدت اُس وقت آ گئی جب رواں سال کے شروع میں ایرانی دارالحکومت تہران میں مشتعل مظاہرین نے سعودی سفارت خانے کو آگ لگا دی، جس کے بعد دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات منقطع ہوگئے تھے ۔