اسلام آباد : پاکستان سے 3 دن میں 3919 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ، حج فلائٹ آپریشن 30 جون تک لگاتار جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ حج فلائٹ آپریشن میں تین دن کے دوران 3 ہزار 919 عازمینِ حج کو سعودی عرب پہنچا دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ آج بدھ کے روز مزید 8 حج پروازوں سے 1710 عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچائے جائیں گے ، اسلام آباد سے چار جبکہ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور ملتان سے ایک ایک پرواز روانہ ہو گی۔
ترجمان مذہبی امور کا کہنا تھا کہ جمعرات کو 5 حج پروازوں کے ذریعے مزید 1330 حجاج حجازِ مقدس روانہ ہوں گے اور 106 پروازوں پر مشتمل حج فلائٹ آپریشن 30 جون تک لگاتار جاری رہے گا۔
ترجمان کے مطابق دور دراز علاقوں سے آنے والے عازمین کیلئے حاجی کیمپوں میں رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے اور حاجی کیمپوں سے ویکسین، ٹکٹ، ویزہ ، شناختی لاکٹ اور پاسپورٹ کی فراہمی جاری ہے۔
مذہبی امور نے بتایا کہ مکہ ، مدینہ اور سعودی ایئرپورٹس پر معاونین ِ حج پر مشتمل فلاحی عملہ سعودی عرب تعینات کر دیا گیا اور پاکستانی حج میڈیکل مشن کے تحت مکہ مدینہ اور جدہ میں ہسپتال اور ڈسپنسریاں قائم کر دی گئیں ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس ، 1122اور سول اداروں کے ملازمین بطور معاونین رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کا انتظام سنبھال رہے ہیں اور شعبہ گمشدگی ، ہیلپ لائن، حرم گائڈز، مانیٹرنگ اور مدینہ آمد و روانگی کا انتظام مذہبی امور کے ویلفیئر سٹاف کے ذمہ ہے ، وزارتِ مذہبی امور کے تحت روانہ کیا گیا تمام تر ویلفیئر سٹاف سرکاری ملازمین پر مشتمل ہے۔